مینگلور 19 ڈسمبر(ایس او نیوز) مینگلور سے قریب 85 کلو میٹر ضلع دکشن کنڑا کے سولیا میں گھر کی دیوار گرجانے سے اُس میں دب کر دو خواتین کی موت واقع ہوگئی۔ واردات سولیا تعلقہ کے کریمبیلا میں اتوار کو پیش آئی۔
مہلوک کی شناخت نفیسہ (45) اور بی بی فاطمہ (60) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق نرلڈکا کے رہائشی ہریش نائک کے مکان کے ٹوائلٹ کی پرانی مٹی سے بنی دیوار کو نکال کر وہاں نئی دیوار تعمیر کرنے کے منصوبہ کے تحت دیوار کو نکالنے کا کام جاری تھا۔ دیگر مزدوروں کے ساتھ نفیسہ اور بی بی فاطمہ بھی اس کام میں شریک تھیں جس کے دوران اچانک دیواران دونوں کے اوپر ہی گرگئی اور دونوں مٹی کے اندر دب گئیں، فوری طور پر مٹی کو ہٹاکر دونوں کو باہر نکالا گیا اور دونوں کو اسپتال لے جایا گیا مگر دونوں نے اسپتال لے جانے کے دوران ہی دم توڑ دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی بیلاّرے پولس تھانہ کے سب انسپکٹر ایس آئی انجنیا ریڈی، سابق پنچایت ممبر عبدالغفور اور دیگر کئی ذمہ داران جائے واردات پر پہنچ گئے اور جائزہ لیا۔